اوٹاوا ، 13 مارچ ( یواین آئی) کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ سوفي ٹروڈو بھی جان لیوا کورونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں ۔ وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محترمہ سوفی میں فلو جیسی علامات سامنے آنے کے بعد جمعرات کو ان کی طبی جانچ کی گئی تھی جس میں ان کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ محترمہ سوفی فی الحال ٹھیک ہیں اور ہلکی علامات ہیں ۔ انہیں الگ سے نگرانی میں رکھا جائے گا ۔ وزیر اعظم ٹروڈو میں کورونا وائرس کی کسی بھی طرح کی کوئی علامات نہیں پائی گئی لیکن 14 دن تک انہیں بھی الگ مقام پر نگرانی میں رکھا جائے گا ۔ کسی طرح بھی قسم کی علامات ظاہر نہ ہونے کی وجہ سے مسٹر ٹروڈو کافی الحال ٹیسٹ نہیں کیا ہے اور وہ اپنا کام جاری رکھیں گے ۔
اس کے علاوہ کینیڈا میں حزبِ اختلاف کے این ڈی پی لیڈر جگميت سنگھ بھی بیمار ہے اور گھر سے کام کر رہے ہیں ۔ محترمہ سوفی بدھ کو برطانیہ کے دورے سے لوٹی تھیں اور ان میں کورونا وائرس کی انفیکشن جیسی علامات پائی گئی تھی جس کے بعد مسٹر ٹروڈو نے احتیاطاََ گھر سے کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کورونا وائرس کے خطرات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے مسٹر ٹروڈو نے کینیڈا کے صوبائی اور علاقائی لیڈروں کے ساتھ اوٹاوا میں ہونے والی میٹنگ بھی ملتوی کر دی ہے ۔