جونپور : سرائے خواجہ تھانہ حلقہ میں بدمعاشوں نے ایک خاتون کا قتل کرکے اس کی لاش نزدیک واقع گیہوں کے کھیت میں پھینک دی۔ جس کی اطلاع جمعہ کو صبح میںہوئی تو کنبہ میں کہرام مچ گیا۔واردات سے علاقہ میں سراسیمگی پھیل گئی۔ اس قتل سے برہم کنبے کے لوگوں اورگائوں والوں نے لاش کو جونپورفیض آباد سڑک پر رکھ کر راستہ جام کردیا جس سے آمدورفت متاثر ہوگئی۔
حالانکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر کسی طرح جام کوختم کرایا اورلاش کو قبضہ میںلیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ اطلاع کے مطابق سرائے خواجہ تھانہ حلقہ کے اکبرشاہ پورموضع کی رہنے والی گنگادیئی نامی خاتون گزشتہ شام بھکوراموڑ واقع اپنے بیٹے کی جنرل اسٹورکی دکان سے سبزی سمیت دیگر سامان لیکر اپنے گھر کیلئے چلی لیکن پوری رات وہ گھر نہیں پہنچی ۔ رات بھر کنبے کے لوگوں کے ذریعہ اس کو تلاش کرنے کا سلسلہ جاری رہا صبح پتہ چلا کی اس کی لاش گھرسے صرف ۱۰۰میٹر کی دوری پر واقع گیہوں کے کھیت میں پڑی ہے۔ گنگادیئی کے قتل کی خبر ملتے ہی پورے کنبے میں کہرام مچ گیا اورگائوں میں سراسیمگی پھیل گئی۔اس واردات سے برہم گائوں والوں نے لاش کو سڑک پر رکھ کر راستہ جام کردیا جس سے آمدورفت مکمل طورسے متاثر ہوگئی ۔ اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے کسی طرح گائوںوالوں کوسمجھابجھا کر جام ختم کروایا ۔وہیں سڑک جام کررہے لوگوںکو مطالبہ تھاکہ ضلع مجسٹریٹ اورایس پی جائے واردات پر آئیں اورملزمین کو جلد از جلد گرفتارکرکے سخت کارروائی کی جائے ۔ فی الحال مقامی پولیس نے متوفیہ کی لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ہے اس کے ساتھ ہی کنبے کی تحریر پر تفتیش بھی شروع کردی گئی ہے۔