لیہہ، 3 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ دنیا میں توسیع پسندی کی جنگ کا زمانہ ختم ہوچکا ہے بلکہ ترقی کے جنگ کا دور چل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ توسیع پسندی کی جنگ لڑنے والوں کو یا تو ہمیشہ شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے یا واپس لوٹنا پڑا ہے۔
موصوف نے ان باتوں کا اظہار یہاں جمعہ کے روز نمو نامی فارورڈ علاقے میں فوجی جوانوں سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘توسیع پسندی کے جنگ کا دور ختم ہوچکا ہے اور آج ترقی کی جنگ کا دور چل رہا ہے اور تیزی سے بدلتے ہوئے وقت میں ترقی کی جنگ ہی اہمیت کی حامل ہے’۔
نریندر مودی نے فوجی جوانوں سے مخاطب ہوکر کہا: ‘آپ اور آپ کے ساتھیوں نے جس بہادری کا مظاہرہ کیا ہے اس سے دنیا میں بھارت کی طاقت کا پیغام پھیل گیا ہے، آپ کا حوصلہ ان پہاڑیوں سے بھی بلند ہے جن پر آپ دیش کے تحفظ کے لئے مامور ہیں’۔
گلوان وادی میں ہلاک ہونے والے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ‘ چودھویں کور سے وابستہ جوانوں کی بہادری کی باتیں ہر جگہ ہورہی ہیں اور آپ کی بہادری اور حوصلے کی کہانیوں کی باز گشت بھارت کے ہر گھر میں سنائی دے رہی ہے’۔
موصوف وزیر اعظم نے کہا کہ جو کمزور ہوتے ہیں وہ کبھی بھی قیام امن کی پہل نہیں کرتے ہیں کیونکہ امن قائم کرنے کے لئے کی جانے والی پہل کی بنیادی شرط بہادری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں جنگ ہوئے ہیں یا امن رہا ہے ہمیشہ بہادروں کو فتح سے ہمکنار ہوتا ہوا دیکھا گیا ہےاور ہم نے ہمیشہ انسانیت کی بقا کے لئے کام کیا ہے۔
نریندر مودی نے کہا: ‘میں سامنے بیٹھی خواتین سپاہیوں کو دیکھ رہا ہوں سرحد پر میدان جنگ میں یہ منظر انتہائی ہمت افزا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سرحدی علاقوں میں انفراسٹریکچر اور دوسرے خرچہ جات میں تین گنا اضافہ کیا ہے۔