غاصب صیہونی ٹولے نے فلسطینی قیدیوں کو مزید سخت ایذائیں پہنچانے کے مقصد سے زیر زمین ایک غیر انسانی جیل تیار کی ہے۔ صیہونی ذرائع ابلاغ نے اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جیل مکمل طور پر زیر زمین بنائی گئی ہے اور وہاں پر فلسطینی قیدیوں کو نہایت سخت اور دشوار حالات میں رکھنے کے لئے خاص انتظامات کئے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس جیل میں قیدیوں کو حتیٰ سورج کی روشنی بھی میسر نہیں ہے۔ راکفت نامی یہ ہولناک اور غیر انسانی عقوبت خانہ صیہونی ٹولے کے انتہاپسند وزیر ایتمار بن گویر اور پولیس کمشنر کوبی یاکووی کے فرمان پر تیار کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس عقوبت خانے میں قید فلسطینیوں کی تمام حرکات و سکنات کی نگرانی کے لئے جدیدترین آلات اور ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔
اس جیل کی خبرعام ہونے کے بعد فلسطینی قیدیوں کے لئے سرگرم تنظیم نے اسے انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی اور قیدیوں کے خلاف گھناؤنے جرم سے تعبیر کرتے ہوئے اس اقدام پر عالمی برادری کی خاموشی پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
صیہونی وزیر ایتمار بن گویرجیل کا معائنہ کرتا ہوا۔
واضح رہے کہ جمعرات کے روز صیہونی ٹولے نے ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں دکھایا گیا تھا کہ صیہونی وزیر ایتمار بن گویر ایک جیل کا معائنہ کر رہا ہے اور فلسطینی قیدیوں کو نہایت بہیمانہ انداز میں ٹارچر کیا جا رہا ہے۔