کرکٹ میں تیز ترین باؤلنگ ہمیشہ ہی شائقین کی توجہ کا مرکز رہی ہے اور خصوصاً موجودہ صدی کے آغاز میں اسپیڈو میٹر آنے کے بعد سے دنیا بھر کے باؤلرز میں تیز ترین گیند کرانے کا مقابلہ جاری رہا ہے۔
اس وقت انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے تیز ترین گیند کرانے کا اعزاز شعیب اختر کے پاس ہے جنہوں نے 2003 ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں 161.3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کی تھی۔
تاہم اتوار کو کرکٹ شائقین اس وقت ششدر رہ گئے جب جنوبی افریقہ میں کھیلے جا رہے انڈر19 ورلڈ کپ میں سری لنکا کے فاسٹ باؤلر نے 175کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرادی۔
اتوار کو انڈر19 ورلڈ کپ میں بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے میچ میں سری لنکن فاسٹ باؤلر متھیشا پتھی رانا نے میچ کے چوتھے اوور کی پانچویں گیند کرائی جو وائیڈ گیند تھی تاہم اس گیند کی خاص بات یہ تھی کہ اسپیڈو میٹر کے مطابق انہوں نے 175کلومیٹر فی گھنٹہ یعنی 108میل کی رفتار سے گیند کی۔
مایہ ناز سری لنکن فاسٹ باؤلر لاستھ ملنگا کی طرح کے ایکشن کے حامل 17سالہ فاسٹ باؤلر کی جانب سے انڈر19 ورلڈ کپ میں کی گئی اس گیند پر ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا ہے۔
اس گیند کو کرانے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شائقین کرکٹ کی جانب سے گیند کے اسکرین شاٹ پوسٹ کیے گئے اور انہوں نے اس گیند کی رفتار پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا ایسا واقعی ہوا ہے۔