دنیا کا سب سے چھوٹا ٹی وی، جسے خریدا بھی جا سکتا ہے
اوہایو: ایک کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے دنیا کے سب سے چھوٹے ٹی وی ماڈل بنائے ہیں جو کارکردگی میں اصل ٹی وی جیسے ہیں اور سب سے بڑھ کر انہیں خریدا بھی جاسکتا ہے۔
ٹائنی سرکٹ نامی کمپنی اس سے قبل بہت چھوٹے برقی آلات بنانے کی شہرت رکھتی ہے اور اب اس نے دنیا کے سب سے چھوٹے ٹی وی بنانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ یہ ایک اوپن سورس برقی ہارڈویئر کمپنی نے جس کے 2 ماڈل مشہور ہیں۔ ہر ٹی وی کی جسامت ڈاک ٹکٹ سے بھی چھوٹی ہے لیکن انہیں پرانے ماڈل کی طرز پر بنایا گیا ہے۔
ہرماڈل کے ٹی وی کی اسٹوریج 8 گیگابائٹ ہے اور اس میں گول گھومنے والے بٹنوں سے آواز کم یا زیادہ کی جاسکتی ہے۔ سب سے بڑھ کر ہر ٹی وی کے لیے ریموٹ کنٹرول بھی بنایا گیا ہے۔ اسے تار کے ذریعے کمپیوٹر سے جوڑ کر ویڈیو ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہیں۔
دونوں ٹی وی سیٹ زیادہ سے زیادہ دو گھنٹے تک ہی چل سکتے ہیں کیونکہ بیٹری بہت ہی چھوٹی ہے۔ فی الحال یہ کراؤڈفنڈنگ ویب سائٹ پرسرمایہ کاری کے عمل سے گزررہی ہے اور اس کی تعارفی قیمت 49 اور 59 ڈالر ہے تاہم ریموٹ کنٹرول کی صورت میں مزید 10 ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔