برن: رواں سال کےابتداء میں بلغری نامی زیورات کی کمپنی نے دنیا کی سب سے باریک گھڑی متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا لیکن اب گھڑیوں کی کمپنی رچرڈ ملے نے بازی لے جاتے ہوئے ایک گھڑی متعارف کرائی ہے جسے فراری کے اشتراک سے ڈِیزائن کیا گیا ہے۔
RM UP-01 فراری کی موٹائی بلغری کی آکٹرو فِنیسِمو سے 0.05 ملی میٹر کم ہے اور اب اس گھڑی کے متعلق دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ دنیا کی مہین ترین مکینیکل گھڑی ہے۔
کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ صرف 1.75 ملی میٹر موٹی RM UP-01 گھڑی تکنیکی قابلیت کی کامیاب مثال اور گھڑیوں کی مکینیک میں ایک نئی سوچ کا مظہر ہے۔
اگر آپ اسے خریدنے کا سوچ رہے ہوں تو یہ بات ذہن نشین رہے کہ RM UP-01 کی قیمت 18 لاکھ 88 ہزار ڈالرز رکھی گئی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ انتہائی چپٹی ہونے کی باوجود کمپنی ایسی گھڑی بنانے کے لیے پُرعزم ہے جس میں وہ تمام چیزیں موجود ہوں جو کمپنی کے دیگر ماڈلز میں موجود ہیں۔