لکھنؤ: اترپردیش کے وزیر اعلی آدتیہ ناتھ یوگی کے خلاف ٹویٹر پر نازیبا تبصرہ کرنے کے الزام میں فلم ساز شریش کندر کے خلاف حضرت گنج کوتوالی میں رپورٹ درج کی گئی ہے ۔
نامور فلم ساز اور کوریوگرافر فرح خان کے شوہر شریش کندر کے خلاف اجودھیا میں واقع ٹھاکردوارہ مندر ٹرسٹ کے سکریٹری امت تیواری کی شکایت پر کل رات کوتوالی پولس نے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعہ 66 کے تحت مقدمہ درج کیا۔
مسٹر تیواری نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ بالی ووڈ کے فلم ساز کندر نے 21 مارچ کو ٹویٹر پر وزیر اعلی کے خلاف ‘نازیبا زبان’ کا استعمال کیا اور ان کا موازنہ انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم سے کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈائریکٹر نے کہا تھا کہ” اگر ان (مسٹر یوگی) کو وزیراعلی کے عہدے کے لئے منتخب کیا جا سکتا ہے تو داؤد کو مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کا ڈائریکٹر اور مالیا ( وجے مالیا) کو ریزرو بینک (آر بی آئی) کا گورنر بنایا جا سکتا ہے “۔ تیواری نے کہا کہ ڈائریکٹر نے سی بی آئی اور آر بی آئی جیسے اداروں کی ساکھ کو بھی ٹھیس پہنچایا ہے ۔
حضرت گنج کوتوالی کے انسپکٹر ڈی کے اپادھیائے نے کہا کہ معاملے کی جانچ چل رہی ہے ۔