پریاگ راج : دھومن گنج کے پریتم نگر میں چوروںنے سنسنی خیزواردات کو انجام دیا۔یہاں رہنے والے ایڈیشنل ڈائریکٹر صحت ڈاکٹر بندوپرکاش سنگھ کے گھر سے ۱۵لاکھ کے زیورات سمیت ۱۷لاکھ کاسامان چوری کرلے گئے، خاص بات یہ رہی کہ واردات پولیس چوکی سے ۱۰۰میٹر کی دوری پر ہوئی۔دھومن گنج پولیس مقدمہ لکھ کر جانچ میں مصروف ہے ، لیکن دیر رات تک بدمعاشوں کا کچھ پتہ نہیں چل سکاتھا۔
ڈاکٹربندوپرکاش سنگھ ولد رام منوہر سنگھ پریتم نگر واقع ایم آئی جی کالونی میں کنبہ سمیت رہتے ہیں ،وہ محکمہ صحت میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ملیریا وٹی بی کے عہدے پر کام کرتے ہیں اور موجودہ وقت میں ان کی تعیناتی لکھنؤ میں ہے ،ان کی بیوی کا آپریشن ہواہے اور وہ لکھنؤ میں ہیں ۱۵؍جون کو وہ کنبہ سمیت پریتم نگر واقع گھر میں تالا بند کر کے لکھنؤ چلے گئے ،دوشنبہ کو وہ کنبہ سمیت لوٹے توگھر کے مین دروازے کا تالا ٹوٹاہواملا،یہ دیکھ کر ان کے ہوش اڑ گئے،
اندر جانے پر دیکھاکہ الماری کے لاکر ٹوٹے ہوئے ہیں اور اس میں رکھے زیورات ونقد رقم سمیت دیگر سامان غائب ہیں۔ملان کرنے پر پتہ چلاکہ چور قریب ۳۰۰گرام سونے و۵۰۰گرام چاندی کے زیورات کے علاوہ پونے دولاکھ روپئے نقد اٹھالے گئے ہیں ،چوری گئے زیورات کی قیمت قریب ۱۵لاکھ ۳۰ہزار روپئے ہے اور اس طرح چوروںنے ۱۷لاکھ روپئے کامال چوری کرلیا۔
اطلاع پر پہنچی پولیس جانچ پڑتال کے بعدلوٹ گئی ،خاص بات یہ رہی کہ واردات نیباچوکی سے ۱۰۰میٹر کی دوری پر ہوئی اور پولیس کو اس کی بھنک تک نہیں لگ سکی،یہ حال تب ہے جب رات میں کرفیوکے دوران پولیس کو اضافی مستعدی برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔