کولکاتا، 27 جولائی۔ میٹروپولیٹن کولکاتا سمیت ریاست کے دیگر حصوں میں بارش کے رکنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ علی پور واقع محکمہ موسمیات کے علاقائی ہیڈکوارٹر کی طرف سے جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ کولکاتا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 17.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے
جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ کم از کم درجہ حرارت 27.4 ڈگری سیلسیس درج ہوا جو معمول سے ایک ڈگری زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31.4 ڈگری سیلسیس درج ہوا جو معمول سے ایک ڈگری کم ہے۔کولکاتا کے علاوہ ریاست کے دیگر حصوں بشمول ہاوڑہ، ہگلی، شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ، مشرقی اور مغربی مدنا پور، پرولیا، بانکوڑہ میں جمعرات کی صبح سے ہی مسلسل بارش ہورہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ہفتے کے آخر تک پورے جنوبی بنگال میں مسلسل بارش ہوگی۔ شمالی بنگال کے علی پور دوار، کوچ بہار، جلپائی گوڑی، دارجلنگ اور کلمپونگ میں مسلسل بارش ہورہی ہے۔