نئی دہلی: کرکٹ کے دو روایتی حریف ہندستان اور پاکستان 2011 ورلڈ کپ کے بعد پہلی بار کسی آئی سی سی ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے میں آپس میں نہیں کھیلیں گے۔
سال 2020 میں ہونے والے ٹی-20 عالمی کپ کے گروپ مرحلے میں ہندستان اورپاکستان کا آمنا سامنا نہیں ہوگا۔ سال 2011 کےبعد یہ پہلا موقع ہوگا جب ہندستان اپنے روایتی حریف پاکستان سے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کےکسی ٹورنا منٹ کے گروپ مرحلے میں نہیں کھیلےگا۔ آسٹریلیا میں اگلےسال ہونے والا ٹی-20 عالمی کپ 18اکتوبرسے شروع ہوکر15 نومبرتک چلے گا۔
دونوں ٹیموں نے 2011 سے پانچ آئی سی سی ٹورنا منٹوں کے گروپ مرحلے میں ایک دوسرے کا سامنا کیا ہےاوراسی سال انگلینڈ میں ہونے والے ونڈے عالمی کپ میں بھی دونوں کا سامنا ہونا ہے۔ تاہم كركٹ کی سخت حریف ان دونوں ٹیموں کا آسٹریلیا میں 2020 میں ہونے والے ٹی -20 عالمی کپ کے گروپ میچ میں مقابلہ نہیں ہوپائے گا۔
دراصل موجودہ ٹوئنٹی -20 رینکنگ میں پاکستان نمبر ایک مقام پرہے اور ہندستان کا مقام اس کے بعد نمبردو ہے۔ قوانین کے مطابق نمبرایک اورنمبردوکی ٹیمیں ایک گروپ میں نہیں رہ سکتیں، اسی وجہ سے ان دونوں ٹیموں کومختلف گروپ میں مقام دیا گیا ہے۔ کرکٹ کے دو دیگرروایتی حریف ملک آسٹریلیا اورانگلینڈ بھی گروپ مرحلے میں نہیں کھیلیں گے۔
آسٹریلیا گروپ اے میں اورانگلینڈ گروپ بی میں ہے۔ عالمی رینکنگ میں 8 سرفہرست ٹیموں پاکستان، ہندستان، انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیزاورافغانستان کو براہ راست اہم ٹورنامنٹ میں داخلہ دیا گیا ہے۔ درجہ بندی میں نویں اوردسویں نمبرکی ٹیمیں سری لنکا اوربنگلہ دیش 6 دیگرٹیموں کے ساتھ گلوگ اورہوبارٹ میں کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کھیلیں گی، جس سےسپر12 کےلئے باقی چارٹیموں کا فیصلہ ہوگا۔ یہ چارٹیمیں اہم ٹورنا منٹ میں آٹھ دیگر ٹیموں کے ساتھ جڑیں گی۔
پاکستان سپر 12 میں اپنی مہم کی شروعات میزبان آسٹریلیا کے خلاف 24 اکتوبر کوسڈنی میں کرے گا جبکہ ہندستان دن کے دوسرے میچ میں نئے پرتھ اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ سے کھیلےگا۔ گزشتہ چمپئن ویسٹ انڈیزاپنی مہم اگلے دن میلبورن میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے شروع کرے گا۔ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے ٹی -20 عالمی کپ 2020 کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ پہلی بارمرد اورخواتین کے ٹی-20 ایونٹ الگ الگ، ایک ملک اورایک ہی سال میں کرائے جارہے ہیں۔
عالمی درجہ بندی کی پہلی 8 ٹیمیں براہ راست ایونٹ میں کھیلیں گی جب کہ سری لنکا اور بنگلہ دیش سمیت 4 دوسری ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ کھیل کرجگہ پائیں گی۔ 10 بہترین خاتون ٹیموں کا عالمی کپ 21 فروری سے 8 مارچ تک جاری رہےگا، جس کا فائنل میلبورن کرکٹ گراونڈ میں کھیلا جائے گا، مرد ٹی ٹوئنٹی کا آغاز اٹھارہ اکتوبر سے ہوگا اور فائنل 15 نومبر کو طے ہے۔
پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 24 اکتوبرکوسڈنی میں میزبان آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔ 29 اکتوبرکوکوالیفائرٹیم کے ساتھ پاکستان کا مقابلہ سڈنی میں ہی ہوگا۔ 31 اکتوبرکو برسبین میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان میدان میں اترے گا۔ 3 نومبرکو ایڈیلیڈ میں ویسٹ انڈیزسےاور 6 نومبرکومیلبورن میں بی گروپ کی کوالیفائرٹیم سےآمنا سامنا ہوگا۔
سڈنی اورایڈیلیڈ اوول 11 اور12 نومبرکوسیمی فائنل میچوں کی میزبانی کریں گے۔ فائنل 15 نومبرکومیلبورن میں ہوگا۔ سال 2020 میں ہونے والے ٹوئنٹی -20 ورلڈ کپ کے لئے گروپ اس طرح ہے۔