لکھنؤ: مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری و امام جمعہ مولانا سید کلب جواد نقوی نے مسلمانوں سے عید الاضحی کے موقع پر حکومت اور ڈاکٹروں کی ہدایت اور صلاح پر عمل کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ انجام دینے کی اپیل کی ہے۔ مولانا نے حکومت کے علامتی قربانی کے اعلان پر کہا کہ یہ پوری طرح سے غلط ہے کیونکہ اسلام میں علامتی عبادت کی جگہ نہیں ہے۔
عبادت اسلام کے بتائے طریقہ کے مطابق ہی صحیح ہو سکتی ہےو رنہ صحیح نہیں ہوگی۔ ایسے میں جن ریاستوں میں حکومت نے علامتی قربانی کا اعلان کیا وہاں حکومتیں نظر ثانی کریں اور قربانی کے فریضہ کی ادائیگی یقینی کریں۔
مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہا کہ پوری دنیا اس وقت کورونا وائرس کے سبب سب سے مشکل دور سے گزر رہی ہےاور ہمارا ملک ہندوستان بھی اس خطرناک وائرس سے متاثر ہے۔ ملک و ریاست میں کورونا متاثرین کی تعداد دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہے۔ ایسے میں مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ کورونا وائرس سے بچائو کیلئے سرکاری ہدایات اور ڈاکٹروں کی صلاح پر عمل کریں اور سبھی طرح کی احتیاط برتیںتا کہ وہ خود اس وبا سے محفوظ رہیں اور دوسروں کیلئے بھی خطرہ نہ ہوں۔ مولانا کلب جواد نے کہا اگر قربانی کیلئے جانور دستیاب نہ ہو یا کسی دیگر وجہ سے اس سال قربانی ممکن نہ ہوتو غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کریں۔ یہ قربانی کا بدل تو نہیں ہوسکتا لیکن اس وبا کے دورمیں اللہ کی رضا حاصل کر نے کا بہترین طریقہ ہے۔ مولانا نے کہا کہ قربانی کیلئے حکومت کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔ قربانی سنت موکدہ ہے اور جان کی حفاظت واجب ہے۔ کیونکہ لاپروائی سے ہم صرف خود ہی بیمار نہیں ہوں گے بلکہ دوسروں کی زندگی کیلئے بھی خطرہ بن سکتے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ عید الاضحی پر مساجد میں جماعت کیلئے نہ جائیں اور گھر پر ذاتی طور سے نماز اداکریں۔
۱۱؍ بجے ہوگی آن لائن نماز
مولانا نے بتایا کہ عید الاضحی کی نماز عید الفطر کی طرح آن لائن ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ صبح تقریباً ۱۱ بجے مجلس علمائے ہند کے فیس بک اور یوٹیوب چینل پر حسینی چینل کے ذریعہ نماز کا آن لائن ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔ مولانا نے کہا کہ لوگ اپنے گھروں میں فرادہ کی نیت سے نماز ادا کرسکتے ہیں۔ آن لائن نماز مولانا کلب جواد نقوی ادا کرائیں گے۔