نئی دہلی: پانچوں ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کے رجحانوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) اس وقت پیچھے نظر آرہی ہے ،ایسی صورت میں واضح ہے کہ عوامی تائید مودی حکومت کے خلاف ہے لیکن مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ رجحان بھلے ہی مودی حکومت کے خلاف ہوں لیکن عوامی حمایت ان کے حق میں ہے ،کیونکہ الیکشن کے یہ نتیجے ریاستی حکومتوں کی کارکردگی کے سبب ہیں۔
ووٹوں کی گنتی کے رجحانوں میں چھتیس گڑھ میں بی جے پی کا براحال ہے جبکہ راجستھان اور مدھیہ پردیش میں سخت ٹکر کے باوجود کانگریس سے اب بھی پیچھے ہے ۔وہیں تلنگانہ میں ٹی آر ایس دو دتہائی سیٹوں سے آگے ہے جبکہ کانگریس کی قیادت والی پیپلس فرنٹ دوسرے نمبر پر ہے ۔میزورم میں میزو نیشنل فرنٹ اور کانگریس کے درمیان سخت ٹکر میں کانگریس پیچھے ہے ۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا عوامی تائید مودی حکومت کے خلاف ہے تو مسٹر سنگھ نے کہا‘‘ میں ایسا نہیں مانتا۔ویسے بھی ابھی صورت حال واضح نہیں ہے اور یہ رجحان ریاستی حکومتوں کے کام کا نتیجہ ہیں۔جن امیدواروں کو جیت ملی ہے انہیں مبارکباد ۔’’حالانکہ وزیراعظم مودی سے کسانوں کی ناراضگی کے بارے میں بار بار پوچھے جانے پر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔