نئی دہلی: ملک کے کئی حصوں میں ایک بار پھر بارش کا موسم شروع ہو گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راجستھان اور مدھیہ پردیش میں زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
راجستھان کے دھول پور میں 23 سینٹی میٹر بارش ہوئی ہے جبکہ مدھیہ پردیش کے مورینا میں 17 سینٹی میٹر بارش ہوئی ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے لوگوں کو انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ کچی سڑکوں والے علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔
آئی ایم ڈی نے آنے والے تین سے چار دنوں کے دوران شمال مشرقی ہندوستان میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ یہی نہیں، دہلی میں آج بھی مطلع ابر آلود رہے گا اور بارش کے امکانات ہیں، جبکہ یوپی میں آج بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے چند دنوں میں راجستھان اور مدھیہ پردیش میں شدید بارش کا امکان ہے۔ 12 ستمبر سے اڈیشہ اور چھتیس گڑھ کے الگ تھلگ مقامات پر تیز بارش کے ساتھ بارش کی سرگرمیاں بڑھنے کا امکان ہے۔ 12 ستمبر کے آس پاس شمال مغرب اور اس سے ملحقہ مغربی وسطی خلیج بنگال میں ایک تازہ سائیکلونک سرکولیشن بننے کا امکان ہے۔
دہلی میں موسم کیسا رہے گا؟
ملک کی دارالحکومت دہلی میں بھی دو دن سے بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیر کے روز دہلی اور این سی آر میں ایک یا دو مقامات پر ابر آلود آسمان اور بہت ہلکی بارش یا بوندا باندی کی پیش گوئی کی ہے۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 32 اور 24 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔
آج کہاں کہاں بارش ہوگی
آئی ایم ڈی کے مطابق، اتر پردیش، مدھیہ پردیش، انڈمان اور نکوبار جزائر، اروناچل پردیش، آسام اور میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ، ساحلی آندھرا پردیش اور یانم اور کیرالہ اور مہے میں آج کچھ مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔