تہران: ایران میں پولیس نے نجی گھر میں یوگا سیکھنے والے 30 افراد کو نامناسب لباس پہننے پر گرفتار کرلیا۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے صوبے گلستان کے دارالخلافہ گورگن میں یوگا انسٹرکٹر سمیت یوگا سیکھنے والے 30 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
File Photo
یوگا انسٹرکٹر کو لائسنس کے بغیر یوگا سینٹر چلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا جب کہ یوگا سیکھنے والوں کو نامناسب لباس پہننے اور نامناسب رویہ رکھنے پر حراست میں لیا گیا۔
ایرانی شہر گورگن کے اسلامی انقلاب کی عدالت کے ڈپٹی چیف مسعود سلیمانی نے میڈیا کو بتایا کہ غیر مہذب سرگرمیوں کی وجہ سے سیکیورٹی فورسز کئی دنوں سے اس گھر کی نگرانی کر رہے تھے، انسٹا گرام پر یوگا سینٹر کے حوالے سے پوسٹوں کے بعد اس سینٹر کی نگرانی بڑھائی گئی تھی۔
یوگا سینٹر سے گرفتار کیے گئے افراد کو اسی گھر میں نظر بند کردیا گیا ہے اور مزید قانونی چارہ جوئی تک یہیں نظر بند رکھا جائے گا جب کہ پولیس گرفتار شدہ افراد پر عائد نامناسب لباس پہننے اور نامناسب رویے کی وضاحت میڈیا کے سامنے پیش نہیں کرسکی۔
واضح رہے کہ ایران میں کھیلوں کی مخلوط سرگرمیوں کی اجازت نہیں اور ملک میں پیشہ ورانہ سطح پر یوگا کی تربیت پر بھی پابندی عائد ہے، یوگا سینٹر کی بندش اور گرفتاریوں نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی۔