ون پلس نے اپنا نیا کانسیپٹ اسمارٹ فون متعارف کریا ہے جو ‘جادوئی فیچر’ سے لیس ہے۔ چینی کمپنی کا یہ نیا فون کانسیپٹ ون درحقیقت ون پلس 7 ٹی پرو 5 جی میکلرین کا ترمیم شدہ ورژن ہے جس کا کیمرا جادو دکھاتا ہے کیونکہ وہ آنکھوں کے سامنے سے غائب ہوجاتا ہے۔
جی ہاں بیک پر ون پلس کے لوگو کے اوپر موجود کیمرے آنکھوں کے سامنے سے غائب ہوجاتے ہیں اور اس کے لیے کمپنی نے میکلرین 720 ایس اسپائیڈر (ایک گاڑی) کے سن روف میں دی گئی ٹیکنالوجی کو استعمال کیا ہے۔
اس ٹیکنالوجی میں ایک گلاس کور کیمرا آپرچرز کو کور کرلیتا ہے اور محض 0.7 سیکنڈ میں کیمرے کو غائب یا نمودار کرنا ممکن ہے۔
ون پلس نے اسے ‘بوجھ سے نجات دلانے والے ڈیزائن’ کا حصہ قرار دیا ہے اور یہ طریقہ کار کسی جیمز بونڈ کی فلم جیسا ہی لگتا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس مقصد کے لیے الیکٹرو کرومیک گلاس کا استعمال کرایا ہے جو ڈینیسٹی فلٹر کے طور پر بھی کام کرتا ہے اور فوٹوگرافرز کو کیمرا لینس میں داخل ہونے والی روشنی کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے۔
اس ڈیوائس پر اورنج لیدر کو چڑھایا ہے جو کہ میکلرین کی گاڑی سے ہی لیا گیا ہے جبکہ 24 قیراط سونے سے اس کی آرائش کی گئی ہے۔
ون پلس کانسیپٹ ون نامی یہ فون فی الحال ایک کانسیپٹ ہی ہے اور کمپنی کا کہنا ہے کہ اس پروٹوٹائپ ماڈل کی تیاری میں 18 ماہ لگے اور اس میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔
ون پلس کا اسے لوگوں کے لیے متعارف کرانے کا ارادہ نہیں مگر کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اس ٹیکنالوجی کی دستیابی دیگر کمپنیوں تک یقینی بنائے گی۔