نئی دہلی: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جموں و کشمیر کے پہاڑی سیاحتی مقام پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی تحقیقات کے سلسلے میں ایک اہم اپیل جاری کی ہے۔
این آئی اے نے تمام سیاحوں، مقامی رہائشیوں اور دیگر گواہوں سے اپیل کی ہے کہ اگر ان کے پاس اس حملے سے متعلق کوئی بھی معلومات، تصاویر یا ویڈیوز موجود ہیں، تو وہ فوری طور پر ایجنسی سے رابطہ کریں۔
این آئی اے کے مطابق ان کے پاس پہلے ہی متعدد تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں جن کا تجزیہ کیا جا رہا ہے، تاہم اب اس نے اپنی کوششوں میں مزید شدت لاتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے کہ انسانیت کے خلاف اس گھناؤنے جرم سے متعلق کوئی بھی ثبوت یا معلومات نظر انداز نہ ہو جائے۔
بدھ کو جاری کی گئی اس اپیل میں این آئی اے نے عوام سے کہا ہے کہ وہ موبائل نمبر 9654958816 یا لینڈ لائن نمبر 011-24368800 پر رابطہ کریں۔ رابطے کے وقت وہ اپنی ذاتی تفصیلات اور وہ معلومات بھی فراہم کریں جو وہ ایجنسی کے ساتھ شیئر کرنا چاہتے ہیں۔
اس کے بعد این آئی اے کا ایک سینئر افسر رابطہ کرنے والے فرد سے ذاتی طور پر بات کرے گا اور ضروری مواد حاصل کرنے کے لیے انتظام کرے گا۔
ایجنسی نے کہا ہے کہ یہ اپیل صرف تصاویر اور ویڈیوز تک محدود نہیں بلکہ اگر کسی نے کچھ غیر معمولی حرکات یا مشکوک افراد کو حملے سے قبل یا بعد میں دیکھا یا کچھ سنا ہو، تو وہ تفصیلات بھی بے حد اہم ہیں۔
ممکن ہے کہ کئی لوگ جانے یا انجانے میں کسی ایسے لمحے کے گواہ بنے ہوں جو تفتیش کے لیے مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
این آئی اے کے مطابق ان کی ٹیمیں پہلے سے ہی پہلگام میں موجود ہیں اور حملے کے مقام سے شواہد اکھٹا کر رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مقامی گواہوں سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے تاکہ حملہ آوروں کی شناخت اور ان کے نیٹ ورک کا پتہ چلایا جا سکے۔
یاد رہے کہ یہ حملہ سیاحوں کو نشانہ بنانے کی ایک غیر معمولی اور افسوسناک کوشش تھی، جس نے نہ صرف ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا بلکہ وادی میں امن و امان کی صورتحال پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ این آئی اے کا کہنا ہے کہ ایسے حملوں کے پیچھے موجود سازش کو بے نقاب کرنا ضروری ہے اور اس میں عام شہریوں کا تعاون انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
ایجنسی نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ ان کی شناخت کو مکمل رازداری میں رکھا جائے گا اور فراہم کردہ معلومات کا صرف تفتیشی مقاصد کے لیے استعمال ہوگا۔