ممبئی:عروس البلاد ممبئی میں گذشتہ تین دنوں سے جاری موسلادھار بارش کے سبب ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی تمام جھیلیں بھر چکی ہیں اور اب امسال ممبئی میں پانی کی کسی بھی قسم کی کٹوتی نہیں کی جائے گی ،
یہ باتیںآج یہاں میونسپل ذرائع نے دی۔میونسپل ذرائع کے مطابق گذشتہ ماہ ممبئی کو پانی فراہم کرنے والے تمام جھیلیں 90 فیصد تک بھر چکی تھیں اور چند دنوں سے ہونے والی موسلا دھار بارش سے 99فیصد جھیلیں بھرچکی ہیں۔یہ اطلاع آج یہاں ممبا دیوی علاقے کے رکن اسمبلی امین پٹیل و گنجان مسلم آبادی والے علاقے بھنڈی بازار کے میونسپل کونسلر جاوید جنیجا نے دی جنہوں نے مسلم علاقوں میں پانی کے کم دباؤ کو لیکر محکمہ آب کے افسران سے ملاقات کی تھی۔
ملاقات کی تفصیلا ت بیان کرتے ہوئے جاوید جنیجا نے بتایا کہ چیف ہائیڈرولیک انجینئر تنوڑی نے بتایا کہ گذشتہ برس کم بارش کے سبب ممبئی میں20 فیصد پانی کی فراہمی میں کٹوتی کی گئی تھی لیکن امسال اچھی خاصی بارش ہونے کے سبب کسی بھی قسیم کی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔جاوید جینجا نے مزید بتایا کہ ممبئی میں کل سا ت جھیلوں سے پانی فراہم کیا جاتا ہے اور یہ تمام جھیلیں چھلکنے کی ڈگر پر ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مسلم علاقوں میں واقع بیشتر بلند و بالا عمارتوں و رہائشی ٹاوروں میں ٹینکروں کے ذریعہ پانی سپلائی کیا جاتا ہے نیز کٹوتی نا ہونے کے سبب اب ٹینکروں کا پانی کا سستا دستیاب ہونا متوقع ہے ۔