ہزاروں برطانوی شہریوں نے مشرق وسطی میں سعودی عرب کی جںگ پسندانہ پالیسیوں کے خلاف لندن میں ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔
مشرق وسطی میں سعودی عرب کی جنگ پسندانہ پالیسیوں کے مخالفین نے لندن میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ اور آل سعود مردہ باد اور آل زائد مردہ باد کے نغرے لگاتے ہوئے یمن پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حملے بند کئے جانے کا مطالبہ کیا۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینر اور پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر یمن میں جنگ بند کرو، یمن کا محاصرہ ختم کرو، بن سلمان مجرم ہے اور یمن کو چھوڑدو جیسے نعرے لکھے ہوئے تھے۔
مظاہرین نے یمن میں انسانی المیے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس ملک کے لئے فوری طور پر انسان دوستانہ امداد ارسال کئے جانے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے سعودی ولیعہد محمد بن سلمان کی تصویر کو پیروں سے روندا اور حکومت برطانیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ سعودی عرب کو ہتھیار فروخت کرنا بند کرے اور اس ملک سے تعلقات منقطع کرے۔