جموں،7 جون ؛ پولیس کا کہنا ہے کہ جموں کے کناچک کے دیاران علاقے میں تین مقناطیسی آئی ای ڈیز جنہیں ڈرون کے ساتھ پے لوڈ کے طور منسلک کیا گیا تھا، کو گرا کر تباہ کر دیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بی ایس ایف نے پیر کی رات کناچک علاقے میں ڈرون سرگرمی دیکھی۔
انہوں نے کہا کہ سرگرمی دیکھتے ہی بی ایس ایف اہلکاروں نے ڈورن کی طرف کچھ گولیاں چلائیں۔
ان کا بیان میں کہنا تھا کہ اس کے فوراً بعد ایک پولیس پارٹی کو تعینات کیا گیا جس نے علاقے میں انٹی ڈرون ایس او پی کی پیروی کی۔
بیان میں کہا گیا کہ ڈرون کو رات کے گیارہ بجے دیکھا گیا اور اس پر دوبارہ گولیاں چلائی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران ڈورن کے ساتھ منسلک پے لوڈ کو نیچے گرایا گیا تاہم ڈورن کو نیچے گرانے میں کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔
موصوف ترجمان نے بیان میں کہا کہ پے لوڈ میں ایک ٹفن بکس میں تین مقناطیسی آئی ای ڈیز رکھی گئی تھیں جن کے ساتھ ٹائمر تین گھنٹے، آٹھ گھنٹے وغیرہ مختلف اوقات کا سیٹ کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ای ڈیز کو کنٹرول شدہ دھماکے کے ذریعے تباہ کر دیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔