گوہاٹی/ممبئی، 23 جون ؛ مہاراشٹر میں گہرے سیاسی بحران کے درمیان شیوسینا کے مزید تین ممبران اسمبلی جمعرات کو گوہاٹی کے ریڈیسن بلو ہوٹل میں ایکناتھ شندے کے کیمپ میں شامل ہوئے۔
شندے کیمپ کا دعویٰ ہے کہ فی الحال انہیں 37 ایم ایل ایز کی حمایت حاصل ہے۔ اس کیمپ کی جانب سے 34 ایم ایل ایز کے دستخطوں سے ایک قرارداد پاس کی گئی ہے کہ باغی لیڈر ایکناتھ شندے لیڈر کے طور پر برقرار رہیں گے اور اسے ریاستی گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کو بھیجا گیا ہے۔
سیاسی بحران کے بعد شیو سینا نے ایکناتھ شندے کو پارٹی کی قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ تاہم باغیوں نے عزم کے ساتھ جوابی کارروائی کی۔
دریں اثنا، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے بدھ کی رات اپنی سرکاری رہائش گاہ ‘ورشا’ خالی کر دی اور کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے لیے تیار ہیں، لیکن باغی ایم ایل اے کو آکر بتانا چاہیے کہ وہ ان پر بھروسہ نہیں کرتے۔