کراچی: معیار زندگی کے حوالے سے کیے گئے ایک سروے میں دنیا کے 230 شہروں کی فہرست میں پاکستان کے صرف تین شہر جگہ بنا پائے لیکن لسٹ میں یہ تینوں انتہائی نچلے درجے پر نظر آ رہے ہیں.
کنسلٹنگ فرم ’مرکر‘ کے معیار زندگی کے حوالے سے 18ویں سروے میں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد، لاہور اور کراچی بالترتیب 193، 199 اور 202 نمبر پر موجود ہیں، جبکہ فہرست میں آسٹریا کے دارالحکومت ویانا کا مسلسل پہلا نمبر ہے۔
تقریباً 17 لاکھ کی آبادی والے ویانا کے لوگ شہر کی ثقافت، خوبصورت میوزیم، تھیٹر اور اوپراز سے ہر وقت لطف اندوز ہوتے ہیں۔ ویانا میں کرائے اور سفری اخراجات بھی دیگر مغربی ممالک کے دارالحکومتوں سے کئی گنا کم ہیں۔
سروے کے مطابق سوئٹزر لینڈ کا شہر زیورخ معیار زندگی کے حساب سے دوسرے، نیوزی لینڈ کا آکلینڈ تیسرے، جرمنی کا میونخ چوتھے اور کینیڈا کا وینکوور پانچویں نمبر پر رہا۔
چین کا شہر شنگھائی 101ویں، بیجنگ 118ویں، گوانگ زو 119ویں اور چینگدو 134ویں نمبر پر رہا، ہندوستان کے حیدر آباد کو 139ویں، پونے کو 144ویں، بنگلور 145ویں، چنائی 150ویں اور ممبئی کو 152ویں پوزیشن پر قرار دیا گیا.
شہریوں کے لیے محفوظ ترین شہروں میں یورپی ملک لکسمبرگ کا دارالحکومت لکسمبرگ سرفہرست قرار دیا گیا ہے جبکہ عراقی دارالحکومت بغداد شہریوں کے ذاتی تحفظ کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر بھی سب سے نچلے درجے پر ہے۔
سال 2003 میں امریکا کے حملے کے بعد پیدا ہونے والی فرقہ وارانہ کشیدگی نے بغداد کی خوبصورتی اور زندگی کو پوری طرح ماند کردیا ہے۔
خطے کے حساب سے ایشیا میں سنگاپور، مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں دبئی، جنوبی امریکا میں یوراگوئے کا دارالحکومت مونٹیویڈیو، شمالی امریکا میں وینکوور اور نیوزی لینڈ میں آکلینڈ لوگوں کے معیار زندگی کے حوالے سے سب سے اعلیٰ درجے پر رہا۔
لوگوں کے معیار زندگی کے حوالے سے کیے گئے اس سروے میں مجموعی طور پر یورپی شہر چھائے رہے اور فہرست میں سب سے بہترین 10 شہروں میں سے 7 یورپی شہر ہیں۔
واضح رہے کہ اس طرح کے سروے کمپنیوں اور اداروں کو اپنے غیر ملکی عملے کے معاوضے اور الاؤنس طے کرنے کا تعین کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
مرکر کے اس سروے میں لوگوں کے معیار زندگی کو مختلف عوامل کی روشنی میں جانچا گیا، جن میں سیاسی، معاشی، سماجی اور ثقافتی ماحول کے علاوہ دیگر کئی عوام شامل ہیں۔