اسرائیلی فوج کے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر سوموار کو فضائی حملوں میں تین فلسطینی شہید اور پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں ان حملوں کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اس نے فلسطینی علاقے سے اپنے جنوبی علاقوں کی جانب راکٹوں کی بوچھاڑ کے بعد پوری غزہ کی پٹی میں فضائی حملے کیے ہیں۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی سے اس کے علاقوں کی جانب 80 راکٹ اور مارٹر فائر کیے گئے ہیں، مگر انھیں میزائل دفاعی نظام نے ناکارہ بنا دیا تھا۔تاہم ایک راکٹ ایک بس کو جا کر لگا تھا لیکن فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوا کہ اس سے کوئی شخص زخمی ہوا ہے یا نہیں ۔
قبل ازیں غزہ میں اسرائیلی فوج کے خصوصی دستوں نے اتوار کی شب ایک چھاپا مار کارروائی کی تھی جس کے دوران میں آٹھ فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔فلسطینی مزاحمت کاروں کے ساتھ جھڑپ میں اسرائیلی فوج کا ایک افسر ہلاک ہوگیا تھا۔غزہ کی حکمراں فلسطینی جماعت حماس نے اس کارروائی کا انتقام لینے کا اعلان کیا تھا۔
غزہ میں تشدد کے ان واقعات کے بعد حماس اور اسرائیل کے درمیان پائیدار جنگ بندی کے لیے گذشتہ کئی ہفتوں سے جاری مصر کی مصالحتی کوششیں رائیگاں جانے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
اسرائیل اور غزہ کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد صہیونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اپنا فرانس کا دورہ مختصر کرکے لوٹ آئے ہیں۔
#اسرائیلی_فوج, #غزہ, #حماس, #بنیامین_نیتن_یاہو