سمستی پور: بہار کے سمستی پور سٹی تھانے میں واقع پولیس رہائشی کمپلیکس سے بینک آف مہاراشٹر ڈکیتی کیس میں گرفتار بدنام زمانہ مجرم چندو پاسوان کے فرار ہونے کے معاملے میں سب انسپکٹر پمی تیواری سمیت تین پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ سٹی تھانہ علاقہ کے کاشی پور میں واقع بینک آف مہاراشٹر میں گزشتہ روز کروڑوں روپے کے زیورات کی ڈکیتی میں ملوث ویشالی ضلع کے بیدو پور تھانہ کے متھرا پور کا رہنے والا بدنام زمانہ مجرم چندو پاسوان کو پولیس نے 20 جون کو گرفتار کیا تھا۔
گرفتار مجرم کو دونوں ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگا کر سٹی تھانہ کے رہائشی کمپلیکس میں واقع ایک کمرے میں بند رکھا گیا تھا، لیکن وہ پیشاب کرنے کے بہانے پولیس کو چکمہ دے کر ہتھکڑیوں سمیت فرار ہوگیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اروند پرتاپ سنگھ نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (صدر) سنجے کمار پانڈے سے پورے واقعہ کی جانچ کرائی۔
تحقیقاتی رپورٹ کے بعد سٹی پولیس اسٹیشن میں تعینات پمی تیواری، سیکورٹی کے لیے تعینات حوالدار ہرے رام پرساد اور سپاہی سنتوش کمار کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔








