لکھنؤ: دن میں کباڑ اور کوڑا چننے والے بن کر بند گھروں میں ریکی کرنے والےگروہ کے دو حقیقی بھائیوں سمیت تین افراد کو چنہٹ پولیس نے جمعرات کو گرفتار کیاتینوں نے 5نومبر کو گنیش پور رحمان کھیڑا میں اوم پرکاش شریواستو کے گھر واردات کو انجام دیا تھا۔
گرفتار گروہ کا سرغنہ رحمان ہسٹری شیٹر ہے۔ کچھ ماہ قبل ہی وہ جیل سے چھوٹا تھا۔ڈپٹی پولیس کمشنر مشرق ششانک سنگھ کے مطابق مخبر کی اطلاع اور فوٹیج کی بنیاد پرسترکھ روڈ سے تینوں شاطرچوروں کوپکڑا گیا ہے۔ گرفتار چوروں میں اجودھیا کے رودولی کا رہنے والا رحمان، اس کا بھائی الطاف عرف کلو اور بارہ بنکی کا رہنے والا دوست نوشاد عرف گولڈن شامل ہیں۔ اے سی پی وبھوتی کھنڈ رادھا رمن نے بتایا کہ گرفتار ملزمان دن کے وقت اسکریپ اور کچرا اٹھانے والے کا روپ اختیار کر کےبند گھروں میں ریکی کرکے نشان زد گھروں میںرات میں چوری کرتے تھے۔ رحمان کھیڑا میں ہوئی چوری کے بعد سی سی فوٹیج میں تینوں بھاگتے ہوئےقید ہوئے تھے جس کی بنیاد پر ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گروہ کے سرغنہ رحمان کے خلاف چوری، لوٹ اور چھینا جھپٹی سمیت 18 مقدمات درج ہیں۔ وہیںاس کے بھائی الطاف کے خلاف بھی 6 مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے تینوں سے مسروقہ زیورات اور رقم بھی برآمد کر لی ہے۔ انسپکٹر نے بتایا کہ تینوں گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کر کے انہیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔