اتر پردیش کے ضلع کاس گنج میں افسوسناک حادثہ پیش آیا جس میں مٹی کا ڈھیر گرنے سے تین خواتین اور ایک لڑکی جان کی بازی ہار گئیں۔ یہ حادثہ کاس گنج کے موہن پورہ گاؤں میں پیش آیا، جہاں خواتین دیوالی کے تہوار کی تیاریوں کے سلسلے میں پیلی مٹی نکالنے گئی تھیں۔ اچانک مٹی کا ایک بڑا ڈھیر ان پر گر گیا، جس سے کئی افراد دب گئے۔
حادثے کے بعد سے موقع پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ تقریباً دو درجن خواتین کے ابھی بھی ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے اور انہیں نکالنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے فوری کارروائی شروع کر دی ہے۔ ضلعی افسر میدھا روپم اور ایس پی اپرنا رجت کوشل جائے وقوع پر موجود ہیں اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہی ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے ملبہ ہٹانے کے لیے جے سی بی مشینوں کا استعمال شروع کر دیا ہے۔
مٹی کھودنے کے لیے گئی ایک عینی شاہد زخمی خاتون ہیم لتا کا نے بتایا کہ آج دیوتھان کے تہوار پر کٹور رام پور کی خواتین کے ساتھ سبھی گھر اور چولہے کو پینٹ کرنے کے لیے زرد مٹی کھودنے گئے تھے۔ پھر اچانک مٹی کا ڈھیر گرنے سے خوفناک حادثہ پیش آیا۔ عورتیں اور بچے اس میں دب گئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں اب تک تین خواتین اور ایک لڑکی کی موت ہو چکی ہے۔
اس حادثے کے بعد اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے دکھ کا اظہار کیا اور مرنے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حکام کو فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔