لکھنؤ اترپردیش روڈویز کارپوریشن نے دیوالی پر اپنے مسافروںکو پے ٹی ایم کا تحفہ دیا ہے۔ اب مسافر پے ٹی ایم سے ٹکٹوںکی بکنگ کر کے ادائیگی کر سکتے ہیں۔
جمعہ کو اس کی باقاعدہ شروعات روڈویز کارپوریشن ہیڈکوارٹرمیں کی گئی۔ اس موقع پر کارپوریشن کے چیئر مین سنجیو سرن ، ایم ڈی ڈاکٹر راج شیکھر اور میسرس پے ٹی ایم کے ایسوسی ایٹ وائس پریسیڈینٹ انوج وشو کرما موجود رہے۔
ایم ڈی روڈویز کارپوریشن نے بتایا کہ یوپی روڈویز کی سروس اتراکھنڈ، پنجاب، ہریانہ، راجستھان ،مدھیہ پردیش، بہار، دہلی، ہماچل اور جموں کشمیر و دیگر ریاستوں کیلئے بھی ہے۔ مسافر اپنے بس ٹکٹ بکنگ کیلئے نیٹ بینکنگ ، کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ یا یوپی آئی ایپ کے ساتھ آن لائن بکنگ کی سہولت کا استعمال کرسکتے ہیں۔
اب بس مسافر پے ٹی ایم ایپ کے ذریعہ بس ٹکٹ بکنگ کی سہولت کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ایم ڈی نے بتایا کہ اترپردیش روڈویز کارپوریشن کی سلیپر زمرہ سمیت دیگر بسوں میں بھی مسافر پے ٹی ایم کا استعمال کر کے آن لائن سروس کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔
میسرس پے ٹی ایم بنگلور کی ٹیم نے آن لائن ٹکٹ ریزرویشن کے تحت چار سو سے زائد راستوںپر ایک ہزار سے زیادہ بسوںپر یہ سہولت فراہم کرنے کیلئے دو ہفتے کا کامیاب ٹسٹ رن کیا۔ اس مدت میں اس سہولت کی مقبولیت کے سبب ۱۸۶ راستوں پر مسافروں کی بکنگ کا رجحان زیادہ نظر آیا۱ور تقریباً چالیس لاکھ کے چھ ہزار ٹکٹ بک کئے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ پے ٹی ایم مسافروںکو پچیس فیصد تک کیش بیک کی سہولت دے گا۔ اس رعایت کو حاصل کرنے کیلئے بس ٹکٹ بک کرنے والے مسافر کو ایک پرومو کوڈ کا استعمال کرنا ہوگا اور اسےیہ دستیاب رعایت کیش بیک کی شکل میںحاصل ہوگی۔