ٹک ٹاک نے اپنے پلیٹ فارم میں گمراہ کن تفصیلات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک نئے فیچر کو متعارف کرایا ہے۔
اب اس مقبول ویڈیو شیئرنگ ایپ میں اس وقت ایک وارننگ صارفین کے لیے سامنے نظر آئے گی جب وہ غیر مصدقہ معلومات پر مبنی ویڈیوز کو شیئر کریں گے۔
اس اپ ڈیٹ کے بعد صارفین کی جانب سے کسی فلیگ ویڈیو کو شیئر کرنے کی کوشش پر ایپ میں ایک پوپ اپ میسج نمودار ہوگا جس پر لکھا ہوگا ‘یہ ویڈیو غیرمصدقہ مواد کی وجہ سے فلیگڈ ہے’۔
صارف کی مرضی ہوگی تو وہ ویڈیو کو شیئر کرسکے گا مگر یہ ویڈیو دیگر صارفین کے ‘فار یو پیج’ میں شو نہیں ہوگی۔
ٹک ٹاک کی جانب سے اس ویڈیو کو سب سے پہلے شیئر کرنے والے کو بھی نوٹیفائی کیا جائے گا کہ اسے فلیگ کیا گیا ہے۔
ٹک ٹاک کو توقع ہے کہ اس فیچر سے صارفین کی جانب سے شیئر کرنے کے حوالے سے غور کیا جائے گا اور غیرمصدقہ مواد کی شیئرنگ میں کمی آئے گی۔
کمپنی نے بتایا کہ ابتدائی ٹیسٹ میں اس فیچر کے نتیجے میں وارننگ ویڈیوز کو شیئر کرنے کی شرح میں 24 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔
اس طرح کا فیچر ٹوئٹر کی جانب سے بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کا مقصد صارفین میں مضامین پڑھنے سے قبل پڑھنے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
ٹوئٹر نے بھی اس فیچر کو آزمائشی مراحل میں کامیاب قرار دیا تھا۔
دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے مقابلے میں ٹک ٹاک کی جانب سے گمراہ کن مواد کی روک تھام کے لیے زیادہ جارحانہ حکمت عملی کو اختیار کیا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے متعدد تھرڈ پارٹی فیکٹ چیکنگ اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جارہا ہے اور ویڈیوز کو ڈیلیٹ کیا جارہا ہے۔
تاہم کئی بار کچھ پوسٹس اس عمل سے بچ جاتی ہیں، جن کی روک تھام کے لیے کمپنی کی جانب سے مزید اقدامات کیے جارہے ہیں۔
ٹک ٹاک کے مطابق اس نئے فیچر سے اہم ایونٹس کے دوران غیرمصدقہ مواد کی روک تھام میں زیادہ مدد مل سکے گی۔