برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں ٹائروں کے گودام میں آگ لگ گئی، جس کے باعث نزدیکی اسکول اور اطراف کی سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کر دی گئیں۔
آگ بجھانے کے عمل میں ویسٹ یارکشائر فائر اینڈ ریسکیو سروس کے سو سے زائد فائر فائٹرز نے حصہ لیا، فائر فائٹرز نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
بریڈفورڈ میں آگ لگنے کا یہ واقعہ ایسٹ باولنگ کے علاقے اپر کاسل اسٹریٹ میں پیش آیا۔ جس کی وجہ سے اہم شاہراہ بھی بند کردی گئی اور بریڈفورڈ انٹرچینج کو بھی بند کردیا گیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق لوگوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ علاقے میں سفر سے گریز کریں اور گھروں کی کھڑکیاں بند رکھیں۔
خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ استعمال شدہ ٹائروں کو عمارت میں غیر قانونی طور پر رکھا ہوا تھا۔ آگ لگنے کی وجہ جاننے کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔