نئی دہلی، 4فرور ی(یو این آئی)ترنمول کانگریس اور سماج واد ی پارٹی کے اراکین نے حکومت پر مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی) کے غلط استعمال کا الزام لگاتے ہوئے آج راجیہ سبھا میں ہنگامہ کیا۔ جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی پہلے دو بجے اور پھر دن بھر کے لئے ملتوی کردی گئی۔
چےئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے صبح ایوان کی کارروائی ملتوی ہونے کے بعد جب دو بجے کارروائی شروع کرنے کی کوشش کی تو ایوان میں ترنمول کانگریس کے لیڈر ڈیرک او برائن نے کہا کہ انہوں نے سی بی آئی کے معاملے پر ضابطہ 267 کے تحت بحث کرانے کے لئے نوٹس دیا ہے۔
مسٹر نائیڈو نے کہا کہ انہوں نے صبح ہی اراکین کو وقفہ صفر میں اس معاملے پر بولنے کا موقع دیا تھا۔ اس وقت آپ کی پارٹی کے اراکین چےئرمین کی نشست کے قریب آگئے تھے۔
اسی دوران ترنمول کانگریس اور سماج وادی پارٹی کے اراکین چےئر مین کی نشست کے قریب آکر نعرے لگانے لگے ۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ کیا آپ ایوان میں بحث نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ صدر کے خطاب پرشکریہ کی تحریک پر بحث ہونی ہے جس میں تمام اراکین عوامی مفاد اور قومی مفاد سے متعلق مختلف معاملات اٹھاسکتے ہیں۔
اراکین کے پرسکون نہیں ہونے پر مسٹر نائیڈو نے کہا کہ کیا آپ کارروائی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں ۔ اپوزیشن اراکین نے ان کی باتوں پر توجہ دئے بغیر ہنگامہ جاری رکھا جس پر مسٹر نائیڈو نے کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کردی۔
اس سے پہلے بھی سی بی آئی کے معاملے پر ہی ایوان کی کارروائی صبح دو بجے تک ملتوی کردی گئی تھی۔
ایوان کے بجٹ اجلاس کا آج تیسرا دن تھا۔ پہلے دن صدر نے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا تھا۔ اس کے اگلے دن عبوری بجٹ پیش کیا گیا تھا ۔ آج سے صدر کے خطاب پر شکریہ کی تقریر پر بحث ہونی تھی لیکن ہنگامہ کی وجہ سے کوئی کام کاج نہیں ہوسکا۔ سرمائی اجلاس میں بھی راجیہ سبھا میں مختلف معاملات پر ہنگامہ کی وجہ سے کوئی ٹھوس کام کاج نہیں ہوسکا تھا۔