بھوپال، 29 مارچ (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی آج مدھیہ پردیش کے 5.21 لاکھ مستفیدین کو ’گرہ پرویش‘ (گھر میں داخلہ) کرائیں گے۔
مسٹر مودی دن کے وقت ورچوئل پروگرام میں شامل ہوں گے اور پردھان منتری آواس یوجنا (گرامین) کے 5.21 لاکھ مستفیدین کو باضابطہ طور پر گھر میں داخلہ دیں گے۔ یہ پروگرام سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے براہ راست نشر کیا جائے گا اور اسے پوری ریاست میں سنا اور دیکھا جا سکے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان ضلع چھتر پور میں اس سے متعلق ریاستی سطح کے پروگرام میں شرکت کریں گے۔اس پروگرام میں کئی عوامی نمائندے بھی شرکت کریں گے۔
مسٹر چوہان نے ایک ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ ریاستی حکومت پردھان منتری آواس یوجنا (گرامین) کے تحت سال 2024 تک ہر فرد کے لیے پکے مکان کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ ریاست میں منظور شدہ 30 لاکھ گھروں میں سے اب تک 24 لاکھ سے زیادہ مکانات مکمل ہو چکے ہیں۔