لکھنؤ: یوپی بورڈ کے امتحانات میںشامل ہونے والے طلباء کےلئے ٹول فری نمبر جاری کیا گیا ہے۔ منگل کو نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر دنیش شرما نے اپنے اسمبلی حلقہ واقع دفتر میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ٹول فری ہیلپ لائن کا افتتاح کیا۔
یہ ہیلپ لائن یوپی بورڈ پریاگ راج کی طرف سے چلائی جائے گی۔ امتحان کےلئے ٹول فری ہیلپ لائن نمبر ۱۸۰۰۱۸۰۵۳۱۰ اور ۱۸۰۰۱۸۰۵۳۱۲۱ ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر دنیش شرما نے بتایاکہ ٹول فری ہیلپ لائن نمبر پر ماہر مضامین سال ۲۰۲۰ کے ہائی اسکول و انٹرمیڈٹ کے بورڈ امتحان میں شامل ہونے والے طلباء کے مسائل کا تصفیہ کریں گے۔
ہسٹری، انگریزی، بایولوجی، ریاضی، ہندی، سنسکرت، کیمسٹری اور جغرافیہ کے ماہرین دستیاب رہیں گے۔ ٹول فری نمبر پر جن مضامین کے ماہر دستیاب نہیں ہیں ان حالات میں فون کرنے والے طلباء کو ماہرین سے واقف کرایا جائے گا۔ متعلقہ ماہرمضامین طلباء کا نام و پتہ ، ٹیلی فون ، موبائل نمبر، ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ کا رول نمبر رجسٹر میں نوٹ کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی ایڈیشنل سکریٹری ثانوی تعلیمی بورڈ اترپردیش پریاگ راج نوڈل افسر ہوں گے۔ مذکورہ ٹول فری نمبر پر متعلقہ طلباء دفتر کے کام کے دنوں میں صبح ۸ بجے سے رات ۸ بجے تک رابطہ کرکے اپنے مسائل کا تصفیہ کرسکتے ہیں۔