مدھیہ پردیش کے مورینا میں پیر کو ایک خوفناک سڑک حادثے میں دو کانوڑیوں کی موت ہو گئی۔ ایک تیز رفتار ٹرک نے کانوڑیوں کے ٹریکٹر ٹرالی کو ٹکر مار دی۔ اس ٹرالی پر کانوڑیئے سوار تھے۔ یہ حادثہ مورینا ضلع کے سول لائنز تھانے کے تحت دیوری گھڑیال سینٹر کے قریب پیش آیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ ٹریکٹر ٹرالی میں سوار تمام کانوڑیئے مورینا کے سیہونیہ تھانہ علاقہ کے رہنے والے ہیں۔ پیر کی صبح وہ نیشنل ہائی وے 44 سے گزر رہے تھے کہ ایک تیز رفتار ٹرک نے ان کی ٹریکٹر و ٹرالی کو ٹکر مار دی۔ یہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ ٹریکٹر ٹرالی کے پرخچے اڑ گئے اور ٹرالی میں سوار دو کانوڑیوں کی موت ہو گئی، جبکہ 15 سے زائد کانوڑیئے زخمی ہو گئے.
اس حادثے کے بعد مشتعل کانوڑیوں نے ہنگامہ کیا اور ہائی وے جام کر دیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کانوڑیوں کو منانے کی کوشش کی۔ پولیس کے سمجھانے کے بعد بھی کانوڑیئے سڑک خالی نہیں کیے، جس کے بعد پولیس انہیں وین میں بٹھا کر اپنے ساتھ لے گئی۔ پولیس نے مرنے والوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیں اور زخمیوں کو سول لائنز تھانے میں واقع ضلع اسپتال میں داخل کرایا ہے۔