ممبئی، 13 مارچ ( یواین آئی) کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں اسٹاک مارکیٹوں میں آئی سونامی کے سبب ملک میں بھی مسلسل دوسرے دن اسٹاک مارکیٹوں میں کہرام جاری رہا ۔ شروع کے چھ سات منٹ کے اندر اندر سینسیکس اور نفٹی دس فیصد کمزور ہو گئے جس کی وجہ سے کچھ دیر کے لئے کاروبار روک دیا گیا ہے ۔
بی ایس ای کا سنسیکس 1564 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 31214.13 پوائنٹس پر کھلا اور دیکھتے ہی دیکھتے 3200 پوائنٹس سے زیادہ کم ہو کر 29564.58 پوائنٹس تک گر گیا ۔ صبح 9 بج کر 22 منٹ پر مارکیٹ میں لوئر سرکٹ لگ جانے سے کاروبار روکنا پڑا ۔ اس وقت سینسیکس 9.43 فیصد کی کمی کے ساتھ 29687.52 پوائنٹس پر تھا ۔ نفٹی بھی 482.55 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 9107.60 پوائنٹس پر کھلا اور 9 بجکر 21 منٹ تک 10.07 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 8624.05 پوائنٹس تک گر گیا ۔ اس کے بعد نفٹی میں بھی کاروبار روک دینا پڑا ۔ کورونا وائرس کے بڑھنے سے اس ہفتے گھریلو مارکیٹ حصص تقریبا 25 فیصد کمزور ہو چکے ہیں ۔