لکھنؤ: پولیس کمشنریٹ میں تعینات ٹریفک پولیس ملازمین کو گرمی سے راحت دلانے کےلئے اے سی ہیلمٹ بنائے گئے ہیں۔ حیدرآباد کی ایک کمپنی کی طرف سے بنائے گئے اس اے سی ہیلمٹ کا ٹرائل دوشنبہ کو حضرت گنج میں ٹریفک پولیس ملازمین نے کیا۔
یہ ہیلمٹ جدید ترین سہولیات سے لیس ہیں۔ حضرت گنج چوراہے پر اے ڈی سی پی ٹریفک اجے سنگھ نے پولیس ملازمین کوہیلمٹ پہنایا اور ان سے ہیلمٹ کا فیڈبیک لیا۔ قیاس لگائے جارہے ہیں کہ ٹرائل کامیاب ہونےپر جلد ہی اس ہیلمٹ کو ڈیوٹی پر مستعد ٹریفک پولیس ملازمین کےسر پر پہنا ہوا دیکھا جاسکے گا۔
6گھنٹے تک بیٹری بیک اپ
اے ڈی سی پی ٹریفک اجے سنگھ نے بتایاکہ بڑھتی گرمی کےساتھ ہی شہر کا درجہ حرارت قریب 40 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا ہے۔اس سخت دھوپ میں چوراہوں پر کھڑے ہوکر ڈیوٹی کرنا آسان نہیں ہے۔
اس کے مدنظر پولیس ٹریفک محکمہ نے اے سی ہیلمٹ کو پولیس ملازمین کو دینے کا خاکہ تیار کیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس ہیلمٹ کا بیٹری بیک اپ قریب 6 گھنٹے تک ہے۔
12ہزار روپئے کا ایک ہیلمٹ
حیدرآباد کی کمپنی کی طرف سے بنائے گئے اس اے سی ہیلمٹ کو پہلے کانپور میںٹریفک ملازمین کو استعمال کرنے کے طورپر دیا گیا تھا۔ کانپور کی طرح یہاں پر ٹریفک ملازمین کو اے سی ہیلمٹ دیئے گئے ہیں ۔یہ ہیلمٹ بیٹری اور چپ سے چلتے ہیں۔ یہ وزن میں ہیلمٹ اور ڈیزائن میں آرام دہ ہیں۔ ایک ہیلمٹ کی قیمت قریب 12ہزار روپئے ہے۔