دو چینی کرکٹروں جیان لی اور یوفیے ژانگ نے جمعرات کے روز پشاور زلمی کے ساتھ شارجہ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کی۔
یہ دونوں کھلاڑی خصوصی طور پر پشاور زلمی میں شامل ہوئے ہیں اور وہ اب ٹیم کے ساتھ رہ کر ٹریننگ کرتے رہیں گے تاہم یہ دونوں کسی میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
دونوں چینی کرکٹروں کو ٹیم ہوٹل میں خوش آمدید کہا گیا۔ پشاور زلمی کے مینٹور اور سابق ٹیسٹ کرکٹر یونس خان نے ان کرکٹروں کو پشاور زلمی کی قمیصیں دیں۔
یوفیے ژانگ اس موقعے پر خاصے جذباتی نظر آئے اور انھوں نے کہا کہ وہ یونس خان کے بہت بڑے مداح ہیں۔
پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ چینی کرکٹروں کی پشاور زلمی میں شمولیت کا مقصد ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے اور اس سے چین میں کرکٹ کو مقبول کرنے میں مدد ملے گی۔
یاد رہے کہ پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ سے قبل گلوبل زلمی لیگ منعقد کی تھی جس میں 16 ممالک سے مختلف کلبوں نے حصہ لیا تھا جس میں چائنا زلمی بھی شامل تھی جس نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ لیگ جیتی تھی۔
چین میں کرکٹ کا کھیل وقت کے ساتھ ساتھ دلچسپی اختیار کرتا گیا ہے۔
چینی حکام نے اپنے یہاں کرکٹ کو مقبول بنانے کے لیے پاکستان کے سابق کرکٹر جاوید میانداد کے تجربے سے بھی استفادہ کیا تھا جبکہ سابق فاسٹ بولر راشد خان طویل عرصے سے چینی کرکٹ ٹیم کے کوچ ہیں۔
یہ دونوں کرکٹر چین کی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ہیں۔