ممبئی 21 اکتوبر ؛ ممبئی کی خصوصی عدالت کی جانب سے بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کی منشیات کے معاملے میں داخل کردہ درخواست ضمانت مسترد کیے جانے کے بعد آج صبح اسے آرتھر روڈ جیل کے خصوصی سیل میں منتقل کر دیا گیا۔
دو (2) اکتوبر کو بحری جہاز میں منشیات کی ریو پارٹی میں شرکت کرنے اور اسے استعمال کرنے کے تعلق سے گرفتار شدہ آرین نے دو دن انسداد منشیات سیل (این سی بی) کی تحویل میں گزارے۔ پانچ اکتوبر سے عدالتی تحویل میں بھیجے جانے کے بعد سے آج تک وہ آرتھر روڈ جیل کے عام قیدیوں کے کمرے میں مقید ہے۔ ابتدائی ایام میں اسے جیل کے کورنٹائن مرکز پر رکھا گیا تھا اور پھر اسکی کورونا رپورٹ منفی آنے کے بعد اسے عام قیدیوں کے کمرے میں منتقل کر دیا گیا تھا جہاں انڈین ٹوائلیٹ (ہندوستانی طرز کی بیت الخلاء) ہے اور اسکا دروازہ نہیں ہے نیز نہانے کے لئے اسے خود سے برتن میں پانی بھر کر لانا پڑتا تھا اور غسل خانہ بھی کھلی جگہ پر ہے
آرین کو جیل میں عام قیدیوں کا کھانا مل رہا ہے جس میں دال چاول روٹی اور سبزی شامل ہیں جبکہ محض چار ہزار روپیہ ماہانہ خرچ کی اجازت ہے جس سے وہ جیل کنٹین سے بسکٹ تیل صابن اور اپنی ضرورت کی اشیاء خرید رہا ہے۔
آج صبح اسے جیل کے خصوصی سیل میں منتقل کرنے بعد اسکی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے اور اسے چوبیس گھنٹہ پولیس کی نگرانی میں رکھا جارہا ہے۔
آرین نے خصوصی عدالت کی جانب سے ضمانت مسترد کئے جانے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے جسکی آج ابتدائی سماعت عمل میں آئی اور اسکے بعد عدالت نے ضروری احکامات صادر کر کے اسکی سماعت ملتوی کردی ۔
اپنے بیٹے سے ملنے کے لئے شاہ رخ کے جیل پہونچنے کی خبر آنے کے بعد ممبئی پولیس نے جیل کے باہر سیکورٹی بڑھا دی ہے۔