نئی دہلی ، 16 دسمبر ؛ وزیر اعظم نریندر مودی نے 1971 کی جنگ میں پاکستان پر فیصلہ کن اور تاریخی فتح کے 50 سال پورے ہونے کے موقع پر آج یہاں نیشنل وار میموریل پر وجے مشعل روشن کی ۔
ملک میں اس فتح کے سلسلے میں آج سے گولڈن وکٹری ایئر منایا جارہا ہے۔ اس دوران ملک بھر میں مختلف مقامات پر فتح کی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔
مسٹر مودی نے بدھ کے روزنیشنل وار میموریل جا کر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور وار میموریل کی امر جوان جیوتی سے چار سنہری وجے مشعلیں روشن کیں ۔ ان مشعلوں کو فوج کی خصوصی گاڑیوں میں ملک کے مختلف حصوں بالخصوص مہاویر چکر اور پرم ویر چکر سے نوازے گئے جوانوں کے گاؤں اور ان جگہوں پر لے جایا جائے گا جہاں پاکستانی فوج کے ساتھ لڑائی ہوئی تھی ۔ جنگ کے مقامات اور شہداء اور شوریہ چکر سے نوزے گئے جوانوں کے گاؤں کی مٹی بھی نیشنل وار میموریل پر لائی جائے گی ۔
وار میموریل پر اس تقریب کے موقع پروزیر دفاع راجناتھ سنگھ ، وزیر مملکت برائے دفاع شریپد نائک ، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت ، تینوں افواج کے سربراہان اور کئی دیگر معززین بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ 1971 کی جنگ میں ہندوستانی فوج نے پاکستان کو شکست فاش دی تھی اور پاکستان کے 90000 سے زائد فوجیوں کو ہتھیار ڈالنے پڑے تھے ۔ دوسری عالمگیرجنگ کے بعد یہ کسی فوج کی سب سے بڑی خود سپردگی تھی ۔ اس فتح کے بعد ہی بنگلہ دیش ایک نئے ملک کی حیثیت سے معرض وجود میں آیا۔