نئی دہلی، 30 اپریل ؛صدر رام ناتھ كوود نے جمعرات کو بالی وڈ کے سدا بہار اداکار رشی کپور کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔
مسٹر كووند نے ٹویٹ کر کے کہا ہے’’رشی کپور کے ناگہانی انتقال سے گہرا دکھ ہوا ہے۔ انکی سدا بہار اور دلکش شخصیت اور توانائی کی وجہ سے یہ یقین کرنا مشکل ہو رہا ہے کہ وہ نہیں رہے‘‘۔
انہوں نے مزید لکھا ہے،’’ان کا (مسٹر کپور کا) انتقال فلمی دنیا کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ان کے خاندان، بہی خواہوں اور مداحوں سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں‘‘۔
رشی کپور صلاحیتوں کے پاور ہاؤس تھے : مودی
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو بالی ووڈ کے مشہور اداکار رشی کپور کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ صلاحیتوں کے پاور ہاؤس تھے۔مسٹر مودی نے کہا کہ اس المناک خبر سے انہیں بہت تکلیف ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا’’رشی کپور جی کثیر جہتی، سب کے عزیز اور خوش مزاج تھے۔ وہ صلاحیتوں کے پاور ہاؤس تھے۔ میں ہمیشہ سوشل میڈیا پران کے ساتھ ہونے والی بات چیت کو یاد کروں گا۔ وہ فلموں اورہندوستان کی ترقی کے بارے میں جنونی تھے۔ ان کے انتقال سے دکھی ہوں۔ ان کے خاندان اورمداحوں سے تعزیت۔ اوم شانتی ‘‘۔
خیال رہے مسٹر کپورکا کینسرسے طویل جنگ کے بعد آج صبح ممبئی میں انتقال ہو گیا۔