نئی دہلی، 10 دسمبر(یو این آئی) چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت کے جسد خاکی کے آخری دیدار کے لیے دارالحکومت میں ان کی سرکاری رہائش گاہ کامراج مارگ پر مرکزی وزراء، وزرائے اعلیٰ، سیاست دانوں اور مختلف ممالک کے سیاسی نمائندوں کا تانتا لگ گیا ۔
جنرل راوت کا جسد خاکی عوام کے آخری دیدار کے لیے ان کی سرکاری رہائش گاہ پررکھا گیا ۔ معززافراد اور عام لوگوں کے لئے خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 11:30 کا وقت مقرر کیا گیا ہے ۔ 12:30 بجے سے ڈیڑ بجے تک فوجی جوان ان کے آخری دیدارکریں گے۔
ملک کے پہلے سی ڈی ایس جنرل راوت کا آخری سفر آج دوپہر 2 بجے کامراج مارگ سے شروع ہوگا اور ان کے جسد خاکی کو دہلی چھاؤنی کے علاقے کے برار اسکوائر شمشان گھاٹ لے جایا جائے گا اور وہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی جائیں گی ۔ سی ڈی ایس جنرل راوت کے آخری دیدار کے لیے ان کی رہائش گاہ پر معزز لوگوں میں وزیر داخلہ امت شاہ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبال، مرکزی وزیر جتیندر سنگھ، مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، سابق وزیر دفاع شرد پوار اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی ، راجیہ سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملکارجن کھڑگے، فضائیہ کے سربراہ شامل ہیں ۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل ایم ایم نرونے، ایئر چیف مارشل وویک رام چودھری، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آر ہری کمار نے سی ڈی ایس کو ان کی رہائش گاہ پر خراج عقیدت پیش کیا۔