نئی دہلی،8 مئی(یو این آئی) مغربی تریپورہ سیٹ کے لیے 168 مراکز پر 12 مئی کو دوبارہ پولنگ ہوگی۔ واضح ہو کہ اس سیٹ پر 11 اپریل کو ووٹ ڈالے گئے تھے۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) نے یہاں بڑے پیمانے پر تشدد اور دھاندلی ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔ کمیشن نے اس تعلق سے چیف الیکٹورل افسر اور اپنے مشاہدین وغیرہ سے رپورٹ طلب کی تھی۔ اسی رپورٹ کی بنیاد پریہ فیصلہ کیاگیا۔
کمیشن نے تریپورہ کے چیف الیکٹورل افسر کو منگل کے روز خط لکھ کر کہا کہ تریپورہ کے 29 اسمبلی حلقوں کے 168 ووٹنگ مراکز پر ہونے والی پولنگ کو رد کرکے وہاں 12 مئی کو دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ووٹنگ صبح سات بجے سے شام پانچ بجے تک ہوگی۔