اوٹاوا، 31 جنوری (یو این آئی/ اسپوتنک) کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں ٹرک ڈرائیوروں کا کورونا وائرس کی پابندیوں کے خلاف احتجاج مسلسل دوسرے دن بھی جاری رہا۔
سی بی سی کی رپورٹوں کے مطابق ہزاروں ٹرک ڈرائیورز اور دیگر افراد اتوار کو پارلیمنٹ ہل کے قریب وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے صحت عامہ کے حالیہ اقدامات کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے جمع ہوئے۔ تاہم شام ہوتے ہی لوگوں کی بھیڑ کم ہوتی دیکھی گئی۔
دریں اثنا، پولیس نے کہا کہ ‘ فریڈم کانوائے’ کا احتجاج پیر کو بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔
اوٹاوا کے میئر جم واٹسن نے اتوار کو سی بی سی کو بتایا کہ لوگوں کو احتجاج کرنے کا حق ہے، لیکن شہر میں معمول کی زندگی ضروری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہفتے کے روز ہزاروں ٹرک ڈرائیور اور سینکڑوں دیگر مظاہرین اوٹاوا میں جمع ہوئے تاکہ حال ہی میں نافذ کووڈ پابندیوں کے خلاف احتجاج کیا جا سکے۔ حکومت کی طرف سے لازمی حفاظتی ٹیکے لگانے کے حکم کے بعد جمعہ کی رات کو کینیڈا کے دارالحکومت میں ٹرکوں کا آنا شروع ہو گیا۔