واشنگٹن ، 22 دسمبر؛ریاستہائے متحدہ امریکہ کے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ’لیجنین آف میرٹ‘ کے ایوارڈ سے نوازا ہے۔
امریکی قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ اوبرائن نے ٹویٹ کیا کہ مسٹر ٹرمپ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ساتھ آسٹریلیائی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن اور جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کو بھی اس ایوارڈ سے نوازا ہے۔
انہوں نے پیر کو دیر رات کہا ’’لیجن آف میرٹ کا ایوارڈ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ میں ہندوستان کے سفیر ترنجیت سنگھ سندھو کو سونپ دیا ہے۔ وزیر اعظم کی جانب سے ہندوستانی سفیر ترنجیت سنگھ سندھو نے وائٹ ہاؤس میں ایوارڈ قبول کیا۔‘‘
اوبرائن نے کہا ’’وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان اور امریکہ کی اسٹریٹجک شراکت داری کو مستحکم کرنے اور عالمی طاقت کی حیثیت سے ہندوستان کو آگے بڑھانے کے لئے یہ ایوارڈ دیا گیا ہے۔‘‘
اس کے ساتھ ہی وزیراعظم مودی کی ایوارڈ لسٹ میں ایک اور اعزاز شامل ہو گیا ہے۔