امریکا کے سابق صدر نے روس کے موجودہ صدر کو بہت ہی سمجھدار، ہوشیار اور زیرک جبکہ یورپی رہنماؤں کو بیوقوف قرار دیا ہے۔
امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بحران یوکرین کے بارے میں کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ پوتن بہت اسمارٹ ہیں بلکہ حقیقت یہ ہے کہ مغربی رہنما بیوقوف ہیں۔
امریکا کی ریاست فلوریڈا کے اورلینڈ شہر میں ایک کانفرنس سے خطاب میں امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یوکرین اور روس کے درمیان جنگ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں امریکا کا صدر ہوتا تو ایسا ہرگز نہ ہوتا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ میں ایک ایسا صدر تھا جس کے دور میں روس نے کسی بھی ملک پر حملہ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایک ذہین ملک تھا تاہم اب وہ ایک بیوقوف ملک ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ جب میری حکومت تھی تو اس وقت امریکا، دنیا کا سب سے مضبوط ملک تھا اور دنیا ایک محفوظ جگہ تھی۔ اپنے خطاب میں امریکی صدر نے کہا کہ روسی صدر ایک ہوشیار اور زیرک انسان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیٹو جو کر رہا ہے وہ سمجھداری کے برخلاف ہے، وہ کہتے ہیں کہ روس پر پابندی عائد کریں گے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پوتن کہتے ہیں کہ ہم 25 برسوں سے پابندیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔