نیویارک ٹائمز نے ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو خطرناک شخص قرار دیتے ہوئے امریکا کی صدارت کیلئے ناموزوں شخص قرار دیدیا۔
نیو یارک ٹائمز نے اپنے ادارے میں لکھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے الفاظ، اپنے افعال اور اپنے اقدامات میں انتہائی خطرناک ہیں، انہیں دنیا کا سب سے اہم کام سونپا نہیں جا سکتا۔
امریکی جریدے نے لکھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے ذات کو ملک پر فوقیت دیتے ہیں، وہ ان قوانین سے سخت نفرت کرتے ہیں جن کے تحت امریکی شہری اپنی زندگیاں گزارتے ہیں۔
نیو یارک ٹائمز نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدارت کیلئے ناموزوں شخص قرار دیتے ہوئے لکھا کہ آئندہ ہفتے ڈونلڈ ٹرمپ کو ریپبلکن پارٹی کا صدارتی امیدوار نامزد کر دیا جائے گا، ریپبلکن پارٹی جو کبھی امریکا کی بہترین سیاسی جماعت ہوا کرتی تھی وہ ایک ایسے شخص کی خدمت کر رہی ہے جو صدارتی نامزدگی کے لیے بالکل بھی موزوں نہیں ہے۔
امریکی جریدے نے مزید لکھا کہ ایسا شخص جو اپنی اقدار، مزاج، نظریات اور زبان میں ہر اس چیز کی نفی کرتا ہے جس نے امریکا کو ایک عظیم ریاست بنایا، ٹرمپ امریکی صدارت کیلئے بہت ہی خوفناک چوائس ہیں۔
نیو یارک ٹائمز لکھتا ہے کہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے امریکیوں کی بڑی تعداد ملکی سمت سے مطمئن نہیں ہے، بالخصوص کووڈ کے بعد ہوشربا مہنگائی، بڑھتی شرح سود، معاشرتی تقسیم اور سیاسی جمود نے امریکی ووٹرز کو بہت زیادہ مایوس کر دیا ہے۔
دوسری جانب ڈیموکریٹکس کے صدارتی امیدوار اور موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن پر بھی پارٹی کے اندر اور ہابر سے دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ صدارتی دوڑ سے باہر ہو جائیں تاہم جو بائیڈن نے صدارتی دوڑ سے پیچھے ہٹنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔