واشنگٹن : امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران سے تیل خریدنے والے کسی بھی ملک پر دوہری پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔
امریکی صدر نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا ’’ایرانی تیل اور ہر قسم کی پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی خریداری فوری طور پر روک دی جائے۔ ایران سے تیل یا پیٹرو کیمیکل مصنوعات خریدنے والے کسی بھی ملک یا شخص کے خلاف فوری طور پر دوہری پابندیاں عائد کی جائیں گی۔‘‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ایسا کرنے والے کسی بھی طرح امریکہ کے ساتھ کاروبار نہیں کر سکیں گے۔ اس معاملے پر توجہ دینے کا شکریہ۔
امریکی صدر کی یہ دھمکی اس وقت آئی ہے جب عمان نے اعلان کیا کہ آئندہ ہفتے کے آخر طے شدہ جوہری مذاکرات ملتوی کردیئے گئے ہیں۔
عمان کے وزیر خارجہ بدر بن حمد البوسیدی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا ’’لاجسٹک وجوہات کی بنا پر، ہم 3 مئی بروز ہفتہ کو ہونے والے امریکہ ایران مذاکرات کو دوبارہ ترتیب دے رہے ہیں۔ مذاکرات کی نئی تاریخ کا اعلان باہمی معاہدے کے بعد کیا جائے گا۔‘‘