اسلام آباد،18ستمبر(یواین آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اگلے ہفتے اپنے ملک میں پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے دھ کی میڈیا رپورٹوں کے مطابق مسٹر خان 27ستمبر کو ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں سالانہ اجلاس میں شامل ہونے کےلئے اگلے ہفتے امریکہ جائیں گے جہاں ان کی ملاقات مسٹر ٹرمپ سے ہوگی۔
امریکی صدر نے مسٹر خان سے ملاقات کرنے کےاپنے پروگرام کی تصدیق کی ہے۔ایسا امکان ہے کہ پاکستانی وزیراعظم کشمیر مسئلے کے سلسلے میں دنیا کے دیگر لیڈروں سے بھی ملاقات کریں گے۔
مسٹر ٹرمپ 22ستمبر کو ٹیکساس کے ہیوسٹن میں ہونے والے غیر مقیم ہندوستانیوں کے پروگرام میں ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی کے ساتھ ایک ہی اسٹیج پرہوں گے۔یہ ایک تاریخی لمحہ ہوگا جب دو سب سے بڑے جمہوری اور طاقت ور ملکوں کے سربراہ ایک ہی اسٹیج سے امریکی اراکین پارلیمنٹ ،شہریوں اور ملک کے عوام سمیت 50ہزار سے زیادہ لوگوں سے خطاب کریں گے۔
مسٹر مودی کی دعوت پر امریکی صدر اس پروگرام میں شامل ہورہے ہیں۔مسٹر مودی نے اس کےلئے مسٹر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔اس کے کچھ دن بعد مسٹر ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تناؤ کم ہوا ہے اور وہ جلد ہی دونوں ملکوں کے سربراہوں سے مل رہے ہیں۔حالانکہ انہوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ مسٹر خان سے ان کی ملاقات کب اور کہاں ہوگی۔