مقبوضہ بیت المقدس ؛ اسرائیلی کنیسٹ کے کے ارکان نے ایک نئے منصوبے کا آغاز کیا ہے،جس کا مقصد ابراہم سمجھوتوں کو آگے بڑھانا ہے۔ ان منصوبوں کا اعلان کئی عرب ممالک کی جانب سے کیا گیا تھا، تا کہ اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات قائم کیے جا سکیں۔
اس موقع پر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ اور ان کے شوہر جیرڈ کشنر بھی موجود تھے۔ سابق امریکی صدر کے سینئر مشیر کے منصب پر کام کرنے والے کشنر نے ابراہم سمجھوتوں میں اہم کردار ادا کیا۔ اسرائیل نے یہ سمجھوتے متحدہ عرب امارات ، بحرین ، سوڈان اور مراکش کے ساتھ دستخط کیے۔ ابراہم سمجھوتوں کے لیے سپورٹ گروپ کے آغاز پر کشنر نے اسرائیلی پارلیمان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان سمجھوتوں نے خطے میں ایک نیا ماڈل پیش کیا ہے۔
اس موقع پر اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لپید نے کہا کہ وہ اپنے واشنگٹن کے آیندہ دورے میں ابراہم سمجھوتوں کا دائرہ کار وسیع کرنے کے لیے کوششیں کریں گے۔ اپنے دورہ اسرائیل کے موقع پر ایوانکا ٹرمپ اور جیرڈ کشنر نے سابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور دیگر اعلیٰ صہیونی حکام سے ملاقات بھی کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے مزید عرب ممالک کی حوصلہ افزائی کریں گے ، تا کہ تعلقات کے قیام کے راستے پر سفر جاری رہ سکے۔اس سلسلے میں امریکی وزیر خارجہ آیندہ ہفتے اپنے اسرائیلی اور اماراتی ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں ابراہم سمجھوتوں کے دستخط کیے جانے کے بعد کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔