انقرہ،31 اکتوبر(یواین آئی) ترکی کے شہر ازمیر میں جمعہ کے روز آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 20 اور زخمیوں کی تعداد 786 ہوگئی ہے ۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے یہ اطلاع استنبول میں ٹیلی ویژن خطاب میں دی۔
مسٹر اردگان نے کہا کہ زلزلہ کے سبب تباہ شدہ 17 عمارتوں کے ملبہ سے لوگوں کو نکالنے کے لئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ترکی کے مغربی علاقے میں واقع ازمیر شہر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس ہوئے اور اس سے متعدد عمارتوں اور دیگر عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔ ترکی کی ہنگامی ایجنسی نے بتایا کہ زلزلہ کے جھٹکے ازمیر شہر میں محسوس کیے گئے اور ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 6.6 بتائی جارہی ہے۔ امریکی محکمہ ارضیاتی سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.0 ریکارڈ کی گئی۔ ترکی اور یونان اس سے متاثر ہوئے ہیں۔
زلزلے کا مرکز بحر ایجیئر میں بتایا جارہا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ زلزلہ کی وجہ سے سونامی کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔
ترکی کے صدارتی دفتر کے مطابق مسٹراردگان نے زلزلہ کے بارے میں یونان کے وزیر اعظم ، کریاکوس میتسوتکیس سے فون پر گفتگو کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔