فرانسیسی صدر کی جانب سے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف توہین آمیز بیانات دینے اور پیغمبر رحمت کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر اصرار کے بعد ترک صدر نے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے جس کی اسرائیل نے مخالفت کی ہے۔
اسرائیلی وزارت دفاع نے ایک بیان جاری کرکے پیغمبر اسلام کی توہین کو آزادی اظہار رای قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ صیہونی حکومت، فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کے خلاف ہے اور اس سخت گھڑی میں پیرس کے ساتھ ہے۔
قدس نیوز ویب سائٹ کے مطابق اسرائیل نے اسلام مخالف فرانسیسی حکومت کی پالیسی کو نازیوں کی یہودی مخالف پالیسیوں کے مترادف قرار دینے کو بھی خارج کر دیا ہے۔
اسرائیلی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی تحریک، اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کے لئے چلائی جا رہی تحریک جیسی ہے جس سے صرف نفرت میں اضافہ ہوگا۔
رواں ماہ فرانس کے ایک اسکول میں استاد نے آزادی اظہار رائے کے سبق کے دوران متنازع فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو کے 2006 میں شائع کردہ گستاخانہ خاکے دکھائے تھے۔
چارلی ہیبڈو کی جانب سے دوبارہ گستاخانہ خاکے شائع کرنے پر فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے کہا تھا کہ فرانس میں اظہار رائے کی آزادی ہے اور چارلی ہیبڈو کی جانب سے گستاخانہ خاکے شائع کرنے کے فیصلے پر وہ کوئی حکم نہیں دے سکتے۔